تحریر: عامر حسین کشمیری
حوزہ نیوز ایجنسی| حضرت فاطمہ زہراؑ کا فدک کا مطالبہ صرف ایک جاگیر یا مالی حق کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ یہ ولایتِ الہیہ کے دفاع اور امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم امتحان کی صورت گری کرتا ہے۔
حضرت زہراؑ نے فدک پر اپنے حق کو ثابت کرنے کے لیے تاریخی دلائل اور قرآن کی آیات پیش کیں، جس کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ اسلامی حکومت اور خلافت کے سلسلے میں پیغمبر کی وصیت (ولایتِ امیر المؤمنین علیؑ) کو فراموش کیا جا رہا ہے۔
جب ان کے دعوے کو حدیث "نَحْنُ لَا نُوَرِّثُ" (ہم انبیاء وراثت نہیں چھوڑتے) کی آڑ میں روکا گیا، تو انہوں نے مسجد نبوی میں خطبہ فدک ارشاد فرمایا۔یہ خطبہ صرف فدک کی ملکیت پر بحث نہیں کرتا، بلکہ اس میں اللہ کی وحدانیت، رسالت کی اہمیت، اور امامت و ولایت کی ضرورت کو بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو یاد دلایا کہ اللہ نے اطاعتِ اہل بیت کو امت کے لیے نظامِ کی حفاظت اور تفرقہ سے بچنے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔
فدک کو غصب کرنا دراصل اہل بیت کے مالی اور سیاسی اثر و رسوخ کو ختم کرنے کی کوشش تھی، تاکہ منصوب شدہ خلافت کو مضبوط کیا جا سکے۔ اس واقعہ نے درحقیقت امت مسلمہ کے ایمان اور وفاداری کا امتحان لیا کہ آیا وہ عارضی سیاسی مصلحتوں کو ترجیح دیتے ہیں یا پیغمبر کی حقیقی تعلیمات اور ان کی آل کی حمایت کرتے ہیں۔ حضرت زہراؑ نے اس مطالبے اور پیرو ولایت کے دفاع میں اپنے مختصر حیات میں جو جدوجہد کی، وہ دراصل قیامت تک کے لیے حق و باطل، عدل و ظلم، اور اطاعت امام کی نشاندہی کرتی ہے۔ واقعہ فدک آج بھی ایک علامت ہے جو اس بات کی طرف توجہ دلاتی ہے کہ حق کو مال و دولت کے نیچے چھپایا نہیں جاسکتا۔










آپ کا تبصرہ